اسرائیلی فوج اور سیکیورٹی اداروں نے صہیونی جیلوں میں زیرحراست فلسطینیوں کو خفیہ ذرائع سےموبائل فون کی فراہمی کے الزام میں کئی فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی داخلی سلامتی کے خفیہ ادارے ‘‘شاباک’’ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملٹری پولیس اور خفیہ اہلکاروں نے فلسطین کے سنہ 1948ء کے مقبوضہ شہروں سے جیلوں میں فلسطینی قیدیوں تک موبائل فون سیٹ اسمگل کرنے کے الزام میں کئی افراد کو حراست میں لیا ہے۔
صہیونی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی قیدیوں کے کمروں اور سامان کی تلاشی کے دوران موبائل فون ضبط کیے ہیں جس کے بعد انہیں موبائل فون سیٹوں کی فراہمی کی تحقیقات شروع کی گئیں۔ ان تحقیقات میں پتہ چلا کہ قیدیوں کو موبائل فون کی فراہمی میں ایک منظم گروپ ملوث ہے۔ اس گروپ نے حال ہی میں مختلف جیلوں میں 55 موبائل سیٹ قیدیوں تک پہنچائے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا میں آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ فوج اور پولیس نے قیدیوں کو موبائل فون فراہم کرنے والوں کے خلاف کئی شہروں میں چھاپے مارنے شروع کردیے ہیں۔ اب تک مقبوضہ شہروں صحرائے نقب، الطیرہ، الرمہ اور تل السبع سے کئی افراد کوحراست میں لیا گیا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
