اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ نام نہاد صہیونی سکیورٹی وزارت، وزارت مالیات اور اسرائیلی اراضی ڈیپارٹمنٹ کے مابین ایک تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے
جس کے تحت علاقے میں اسرائیلی فوج کے پانچ اڈوں کو 48ء کے فلسطین کے وسطی علاقے سے نقب، الجلیل اور لد منتقل کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ان تینوں شہروں میں عرب آبادی زیادہ ہے۔ ان پانچ فوجی اڈوں کو عرب اکثریت والے شہروں میں منتقل کرکے ان کی جگہ 25 ہزار نئے رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے۔
اسرائیلی سیٹلائٹ چینل ٹو کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر میں طے پانے والے معاہدے کے تحت مقبوضہ فلسطین کے وسطی علاقوں میں واقع جن مرکزی فوجی اڈوں کو منتقل کیا جائے گا ان کے نام رمات گان، جفعتایم، تل مشمویر، ٹسریبین اور سیرکین ہیں۔ چینل کی ویب سائٹ کے مطابق ان اڈوں کو منتقل کرنے میں کچھ سال لگیں گے۔ بعض اڈے آنے والے تین سالوں میں اور دیگر بعض پانچ سالوں میں عرب آبادی والے شہروں میں منتقل کر دیے جائیں گے۔ اسرائیلی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ان فوجی اڈوں کے نقب میں منتقل کیے جانے سے نقب کی ترقی میں اضافہ ہوگا۔ یہاں پر روزگار کے مواقع بڑھیں گے آنے والے سالوں میں لوگوں کو نوکریاں ملیں گی جس سے یہاں کے رہائشیوں کی مشکلات میں نمایاں کمی ہو گی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
