مصر میں ملک کی سب سے بڑی مذہبی سیاسی جماعت اخوان المسلمون کے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی صدارتی انتخابات میں کامیابی نے اردن کی اخوان المسلمون کی قیادت اور کارکنوں کو ایک نیا ولولہ دیا ہے۔
دوسری جانب اردن کی اخوان المسلمون کی قیادت کا ایک سو رکنی وفد قاہرہ دورے کی تیاری کر رہا ہے جہاں یہ وفد نو منتخب مصری صدر محمد مرسی سے ملاقات میں انہیں کامیابی پر مبارک باد پیش کرے گا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اردن میں اخوان المسلمون کی قیادت نے مصری اخوان قیادت سے رابطہ کیا ہے اور دورے کے بارے میں اپنی تیاریوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مصر میں اخوان المسلمون کی قیادت نے بھی اردن کے مہمانوں کا خیر مقدم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اردن میں اخوان المسلمون کے ایک ذریعے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جماعت کے سیکرٹری جنرل ھمام سعید کی سربراہی میں ایک سو رکنی وفد جلد قاہرہ کا دورہ کرے گا جہاں یہ وفد نو منتخب صدر محمد مرسی کو کامیابی پر مبارک باد پیش کرے گا۔ ادھر اردن میں بھی اخوان المسلمون کی جانب سے مصر میں ڈاکٹر محمد مرسی کی کامیابی پر تقریبات منعقد کی گئیں۔ ان تقریبات میں سینکڑوں اردنی شہریوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر محمد مرسی کی کامیابی کےجشن کی تقریبات میں نو منتخب مصری صدر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین