فلسطین اور اردن کی سرحد کے ساتھ وادی اردن میں فلسطینی خواتین اور بچوں پراسرائیلی فوج نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں خواتین سمیت کم سے کم پانچ افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وادی اردن کے شمال میں وادی المالح کے مقام پر فلسطینی خواتین اور بچے پانی کے ایک کنوئیں کے قریب جمع تھے کہ صہیونی فوج نے ان پر لاٹھیوں سے اچانک حملہ کردیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں پانی کے کنوؤں کو مسمار کرنے کے لیے اسرائیلی فوج نے حملہ کیا تھا تاہم مقامی آبادی نے فوری مداخلت کرکے صہیونی فوج کو کنوئیں مسمار کرنے سے روک دیا تھا۔ لیکن تازہ کارروائی میں صہیونی فوجیوں نے پانی کا کنواں بھی تباہ کردیا۔
عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ صہیونی فوج اور مقامی شہریوں کے درمیان وادی المالح میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ فلسطینیوں نے کنواں مسمار کرنے کی صہیونی فوج کی سازش کی شدید مزاحمت کی، جس پر قابض فوج نے خواتین اور بچوں کو لاٹھیوں سے پیٹا۔ لاٹھی چارج کے نتیجے میں زخمی ہونے والی دو خواتین کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ طبی عملے کے مطابق دونوں خواتین کو درمیانے درجے کی چوٹیں آئی ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
