اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن عزت الرشق نے ترکی کی جانب سے استنبول میں ہونے والی انسداد دہشت گردی کی
بین الاقوامی کانفرنس میں اسرائیل کو شرکت کی اجازت نہ دینے پر انقرہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی، اسرائیل کی عالمی تنہائی میں اضافہ کرنے کا ہر موقع پوری طرح استعمال کر رہا ہے۔
پیر کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘فیس بک” پراپنے پیغام میں عزت الرشق کا کہنا تھا کہ استنبول میں دہشت گردی کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں اسرائیل کو شرکت سے روکنے کا ترک فیصلہ قابل قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی دباؤ کے باوجود ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن نے اسرائیل کو کانفرنس میں شرکت کی اجازت نہ دے کر ثابت کیا ہے کہ انقرہ فلسطینیوں کے مبنی برحق موقف کی حمایت کرنے کے لئے کسی حد تک جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ جمعہ کو استنبول میں ہونے والی اس کانفرنس میں روس، چین، بھارت، جی ایٹ اور یورپی یونین سمیت 29 عرب اور اسلامی ممالک نے شرکت کی تھی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین