اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے جلا وطن لیڈر اور تنظیم کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے کہاہے کہ حماس اور فتح کی قیادت نے قومی حکومت کی تشکیل کے لیے مشاورت مکمل کرلی ہے۔
انہوں نے مفاہمت کا عمل آگے بڑھانے میں مدد فراہم کرنے پر مصری حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں بڑی جماعتوں کو قریب لانے میں قاہرہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ قومی حکومت کی تشکیل کے سلسلے میں حماس اور فتح کی لیڈرشپ کے درمیان مذارکرات کا عمل جاری ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حماس کے سیاسی شعبے کے عہدیدار نے کہا کہ بدھ کو حماس اور فتح کی قیادت کے درمیان بات چیت کے دوران مصری حکومت کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ہم نے قومی مفاہمت کے تحت تمام جماعتوں پر مشتمل قومی حکومت کی تشکیل کے طریقہ کار پراتفاق کیا ہے۔ یہ ایک عبوری حکومت ہوگی۔ جس کے لیے وزراء کے ناموں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ قومی حکومت کی تشکیل کے اعلان سے قبل حماس اور فتح کی قیادت ایک مرتبہ پھر قاہرہ میں جمع ہوگی اور آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں حماس رہ نما نے کہا کہ دونوں جماعتوں کی قیادت کے مذاکرات کے دوران ماحول نہایت خوش گوار رہا۔ حماس نے غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں مجلس قانون ساز کے الگ الگ اجلاس بلانے کے بجائے ایک مشترکہ اجلاس طلب کرنے اور قانون ساز کونسل کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ فتح نے اس تجویز کو تسلیم کرلیا ہے۔
ڈاکٹر ابو مرزوق نے کہا کہ قومی حکومت کی حتمی تشکیل کا اعلان اسی ماہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور فتح کے سربراہ برادر محمود عباس قاہرہ میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران کریں گے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین