فلسطین پریس کلب نے مقبوضہ مغربی کنارے میں نگراں فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے صحافیوں کی مسلسل گرفتاریوں اور دوران حراست ان پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔
پریس کلب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کے ہاتھوں صحافیوں کی گرفتاریاں آزادی اظہار اور میڈیا کی آزادی پر براہ راست حملہ ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق پریس کلب کی جانب سے اتوار کے روز جاری ایک بیان میں عباس ملیشیا کے ہاتھوں الاقصیٰ ریڈیو کے نامہ نگار شریف الرجوب کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ خیال رہے کہ عباس ملیشیا نے شریف کو ہفتے کی شام مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے حراست میں لیا تھا، جس کے بعد اسے تفتیش کے لیے کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ رام اللہ کی فلسطینی انتظامیہ بھی آزادی صحافت پرقدغنیں لگانے کے باب میں اسرائیل کی راہ پرچل رہی ہے۔ صحافیوں کی بلا جواز گرفتاریاں اور ان پر خفیہ ٹارچر سیلوں میں تشدد آزادی صحافت پر براہ راست حملہ ہے۔
پریس کلب نے اپنے ساتھی صحافی شریف الرجوب کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے صدر محمود عباس پر زور دیا کہ وہ ملک میں آزادی صحافت کے اپنے دعوؤں پر عمل درآمدکو یقینی بنائیں۔
خیال رہے کہ صحافی شریف الرجوب کو ماضی میں بھی متعدد مرتبہ فلسطینی ملیشیا حراست میں لے چکی ہے تاہم اس پر کوئی الزام ثابت نہیں کیا جا سکا ہے۔ گذشتہ برس عباس ملیشیا نے شریف کو اس وقت گرفتار کرلیا تھا جب وہ اپنی شادی کی تیاریوں میں تھے اورشادی کو ایک ہفتہ باقی رہ گیا تھا۔ ایک ماہ تک حراست میں رکھنے اور تشدد کے بعد فلسطینی صحافتی حلقوں کی جانب سے مسلسل مطالبات کے بعد اسے رہا کیا گیا تھا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

