فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے فلسطینی عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انتہا پسند یہودیو کی مسجد اقصیٰ میں داخلے کی سازشوں کو سختی سے نا کام بنا دیں۔
حماس کا کہنا ہے کہ فلسطین کے مقدس مقامات جانوں سے زیادی عزیز ہیں اور وہ ناپاک یہودیوں کے ہاتھوں ان کا تقدس پامال نہیں ہونے دیں گے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے یہ بیان انتہا پسند یہودیوں کی طرف سے آج اتوار کو مسجد اقصیٰ کی طرف مارچ کرنے کے اعلان کے رد عمل میں جاری کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل سرکاری سربرستی کرتے ہوئے انتہا پسندوں کو مسلمانوں کے مقدس مقامات پرحملوں کی ترغیب دے رہا ہے، لیکن فلسطینی بھی اپنے مقدس مقامات کے دفاع سے غافل نہیں ہیں اور نہ ہی ہم نے چوڑیاں پہن رکھی ہیں۔ فلسطینی اپنے قبلہ اول کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ یہودیوں نے ریلی کی شکل میں مسجد اقصیٰ میں داخلے کی کوشش کی تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے جن کی تمام تر ذمہ داری صہیونی حکومت پر عائد ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم اپنے مقدس مقامات اور عبادت گاہوں پرجانیں نچھاور کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہم اور ہمارے جانثار ان مقدس مقامات کی حفاظت کے لیے اپنا خون بھی دینے کو تیارہیں لیکن وہ صہیونیوں کےہاتھوں ان کا تقدس پامال ہوتا نہیں دیکھ سکتے۔ حماس نے فلسطینی عوام سے اپیل کی کہ وہ آج اتوار کےروز انتہا پسندوں کی ممکنہ آمد سے قبل زیادہ سے زیادہ تعداد میں مسجد اقصیٰ میں جمع ہوں تاکہ انتہا پسندوں کو کسی قبلہ اول میں داخلے سے روکا جاسکے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین