فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان بلوچستان چیپٹر کے زیر اہتمام ۱۵ مئی ’’ یوم نکبہ ‘‘ کے عنوان سے بلوچستان کے صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کے پریس کلب میں آل پارٹیز کانفرنس بعنوان ’’ فلسطین ،فلسطینیوں کا وطن‘‘ کا انعقاد کیا گیا
جس میں بلوچستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت قومی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی اور فلسطین عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی استعمار امریکہ اور اس کی نا جائز اولاد اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے ۶۴ سالہ مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فلسطین کے عوام کو فلسطین آنے کا حق حاصل ہے اور اسے دنیا کی کوئی طاقت سلب نہیں کر سکتی ۔
یوم نکبہ کی مناسبت سے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر کمانڈر خدائے داد ،یوسف نوتیزئی (مرکزی جنرل سیکرٹری جمہوری وطن پارٹی)،مولانا مقصود علی ڈومکی (رہنما مجلس وحدت مسلمین و سرپرست فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان)،مولانا شیخ محمد اسماعیل(مدیر جامعہ سلفیہ و رہنما جمعیت اہل حدیث)،آغا خالد دلسوز(صوبائی جنرل سیکرٹری بلوچستان نیشنل پارٹی)،امان اللہ شاد زئی (مرکزی رہنما جماعت اسلامی بلوچستان)،اقتدار احمد خان(نائب امیر تنظیم اسلامی) اور میر نصیب اللہ شاہوانی (صوبائی جنر ل سیکرٹری جمہوری وطن پارٹی ) و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی نابودی نا گزیر ہے،فلسطینی عوام پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ۶۴ سالہ مظالم اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی بھرپور مذمت کرتے ہیں،فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے اور فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی تک جنگ جاری رہے گی
آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے قیام میں یورپی ممالک اور بوڑھا ستعمار برطانوی سامراج اور عالمی استعمار امریکہ برابر کے جرم میں شریک ہیں ،ان کاکہنا تھا کہ آج فلسطین کے عوا م کو اپنے ہی گھروں سے بے دخل ہوئے ۶۴ سال گذر چکے ہیں لیکن عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی اور یورپی ممالک کی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی بے جا پشت پناہی نے فلسطینیو ں کے حقوق کو واپس لینے کے راستے میں رکاوٹ قائم کر رکھی ہے ۔ رہنماؤں کاکہنا تھا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کو آج جرم قرار دیا جاتاہے جبکہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مظلوم اور نہتے عوام کا خون بہانا جائز قرار دیا جا رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ دنیا دوہرے معیارات کو ترک کر دے اور ظالم کو ظالم اور مظلوم کو مظلوم کہنا سیکھے۔
اس موقع پر مقررین نے ایک مشترکہ قرار داد منظور کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کو جاری و ساری رکھیں گے اور اس کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا جبکہ مشترکہ مطالبہ میں کہا گیا ہے کہ فلسطین صرف اور صرف فلسطینیوں کا ہے اور فلسطین نہر سے بحر تک فلسطینیوں کو ملنا چاہئیے ۔

