اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے صدر خالد مشعل اپنے خصوصی دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ڈپٹی اسپیکر الشیخ منصور بن زید آل النھیان،
نائب وزیراعظم اور نائب وزیر برائے صدارتی امور سے احمد جمعہ الزعابی سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام سے ملاقات کے دوران خالد مشعل نے فلسطین کی موجودہ صورت حال، فلسطینی اسیران کی بھوک ہڑتال، اسرائیل کی معاشی پابندیوں، مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیرو توسیع جیسے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ حماس رہ نما نے فلسطینی جماعتوں بالخصوص حماس اور فتح کے درمیان مفاہمت کے لیے جاری مساعی کےبارےمیں بریفنگ دی۔
ملاقات کے بعد دبئی میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے یو اے ای کے ڈپٹی اسپیکر منصوربن زید النھیان نے کہا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کے جائز حقوق اور ان کے لیے آزاد وطن کی حمایت کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ خالد مشعل کے ساتھ ان کی ملاقات نہایت مفید رہی اور اس سے فلسطینیوں کے درمیان مفاہمت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ اس موقع پرحماس رہ نما خالد مشعل نے متحدہ عرب امارات کےفلسطینیوں کے حامی موقف کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ کسی بھی مشکل میں متحدہ عرب امارات فلسطینیوں کی پشتیبانی کرتا رہے گا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

