فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت”حماس” کے منتخب وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ فلسطین سے طاقت کے بل بوتے پر نکالے گئے فلسطینیوں کی واپسی” ریڈ لائن” کی حیثیت رکھتی ہے جس پرکسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے حق واپسی کے سمجھوتہ کرنے والوں کے غبارے سے جلد ہوا نکل جائے گی۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی میں حماس کے زیراہتمام 64 ویں "یوم نکبہ” کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب میں کیا۔ خیال رہے کہ فلسطین میں اسرائیل کے قیام کے دن کو فلسطینی”یوم نکبہ” یا "مصیبت کا دن” قرار دیتے ہیں اور اسی نام سے ہرسال فلسطین اور دنیا بھرمیں فلسطینی تقریبات منعقد کرکے اپنے وطن کی واپسی کی امیدیں تازہ کرتے ہیں۔
وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتالی اسیران کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھوک ہڑتالی اسیران نے اپنے مطالبات منوانے کے لیے اسرائیلیوں کو مذاکرات کی میز پرآنے پرمجبور کردیا ہے۔ انہوں نے فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے اپنے اسیر بھائیوں کی رہائی کے لیے صہیونی فوجیوں کی اغواء کو درست اقدام قراردیا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین