لبنان میں سرگرم تنظیم آزادی فلسطین کی سیاسی قیادت نے ایک اجلاس کے دوران بیروت میں فلسطینی سفارت خانے میں پندرہ مئی کو فلسطین پر اسرائیلی تسلط کے 64 سال مکمل ہونے پر مختلف پروگرامز اور تقریبات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
لبنان میں موجود فلسطینی رہنماؤں کے مطابق سارے لبنان میں منگل پندرہ مئی کا دن ’’یوم غضب‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔ اس روز فلسطینی کالے جھنڈے اور فلسطینی پرچم اٹھا کر ریلیاں نکالیں گے۔ ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ لبنان میں موجود تمام فلسطینی کیمپوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوگا۔ ہفتے کے روز جاری اپنے بیان میں کہا گیا کہ منگل کے روز صہیونی عقوبت خانوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کے ساتھ یک جہتی میں لبنان میں موجود فلسطینی مہاجرین بھی مکمل بھوک ہڑتال کریںگے۔ اس دوران صہیونی دشمن کی جانب سے فلسطینی اسیران پر مظالم، ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ فلسطینی کیمپوں میں احتجاجی دھرنوں میں فلسطینی رہنماؤں کا پرتپاک استقبال ہوگا اور سب مل کر بھوک ہڑتال کرینگے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

