فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض صہیونی فوج نے فلسطینی شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی تازہ اور بڑی مہم شروع کی ہے۔ اس مہم کے تحت جمعرات کے روز مختلف شہروں میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم سے کم سترہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز حراست میں لیے گئے تمام افراد فوج اور پولیس کو مختلف کارروائیوں میں مطلوب تھے۔ حراست میں لے کر انہیں تفتیش کےلیے خفیہ تفتیشی مراکز منتقل کیا گیا ہے اور ان سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔
خیال رہےکہ قابض صہیونی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی گرفتاریوں کی یہ تازہ مہم ایک ایسے وقت میں شروع کی ہے جب دوسری جانب قابض فوج نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے فدائی حملوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
اسرائیلی عسکری ذرائع سے ملنے والی اطلاعات میں پتہ چلا ہے کہ مغربی کنارے میں حالیہ کچھ عرصے کے دوران فلسطینی انتظامیہ کی پولیس بھی فلسطینی مزاحمت کاروں کی سرگرمیوں کو نہیں روک سکی ہے۔ حالیہ کچھ عرصے سے فلسطینی مجاہدین اور دیگرمزاحمت کاروں کی سرگرمیوں میں غیرمعمولی نوعیت کا اضافہ ہو گیا ہے۔ جس کے بعد یہ خدشہ ہے کہ فلسطینی مزاحمت کار گروپ صہیونی فوج پر فدائی حملےکر سکتے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

