اسلامی تحریک مزحمت "حماس” نے میڈیا میں آنے والی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے کرمسترد کردیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ چند روز قبل حماس کے سیاسی بیورو چیف خالد مشعل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں قیام کے دوران زہر دینے کی کوشش کی گئی تھی۔
حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت رشق نے ایک بیان میں ان اطلاعات کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ خالد مشعل کےساتھ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ بعض اخبارات اپنی فروخت اور کاروبار بڑھانے کے لیے اس طرح کی جھوٹی خبریں اور افواہیں شائع کر رہے ہیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عزت رشق نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیس بک پراپنے خصوصی صفحے پراخبارات میں شائع ان تمام خبروں کی صحت سے انکار کیا اور کہا ہے کہ یہ خبریں خالد مشعل اور حماس کے خلاف جعلی پروپیگنڈہ مہم کا حصہ ہیں۔ خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیل کے کئی اخبارات اور ایک نیوز چینل نے اردنی ذرائع کے حوالے سے یہ خبردی تھی کہ اپریل میں قطر میں قیام کے دوران حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کو زہر دینے کی کوشش کی گئی تھی۔ صہیونی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ خالد مشعل نے زہرملی کچھ اشیاء کھا لی تھیں، جس کے بعد ان کا وزن کم اور صحت خراب ہوگئی تھی تاہم فوری علاج کے بعد اب وہ بتدریج صحت مند ہو رہے ہیں۔ اب انہیں گھر منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا خصوصی طبی عملہ مسلسل ان کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین