امور اسیران و انسانی حقوق کے مرکز کا کہنا ہے کہ بدنام زمانہ اسرائیلی جیل مجدو میں مزید پچاس فلسطینی اسیران نے گزشتہ تیرہ روز سے جاری اسیران کی بھوک ہڑتال میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس طرح اس جیل میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کی تعداد 215 ہو گئی ہے۔
انسانی حقوق و امور اسیران کے مرکز کے ڈائریکٹر فؤاد الخفش نے بتایا کہ اتوار کے روز تحریک جہاد اسلامی اور تنظیم مزاحمتی کمیٹیز کے پچاس اسیران بھوک ہڑتال میں شامل ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے بھوک ہڑتالی اسیران میں 30 مزاحمتی کمیٹیز اور 20 جہاد اسلامی سے تعلق رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ صہیونی عقوبت خانوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کی تعداد 3000 تک جا پہنچی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ اگلے ماہ کے دوران صہیونی عقوبت خانوں میں موجود 4700 سے زائد تمام اسیران اس تاریخی بھوک ہڑتال میں شامل ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ صہیونی عقوبت خانوں میں فلسطینی اسیران کو طرح طرح کے مظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ قید تنہائی، تشدد، ضروری اشیاء سے محرومی، رشتہ داروں سے ملاقات پر پابندی جیسے اقدامات سے اسیران کو ان کے جائز حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

