ترکی کی ایک سماجی تنظیم "باب العالم” کے زیراہتمام منعقدہ عالمی ثقافتی نمائش کے دوران فلسطین کو خاص طورپراہمیت دی گئی ہے۔ تین روزہ ثقافتی تقریبات کے دوران فلسطین کا پرچم کئی مقامات پرلہرایا گیا
تاہم سب سے اہم بات یہ ہےکہ ان نمائش کے دوران فلسطینی پرچم کو استنبول کی سب سے بڑی جامع مسجد سلطان عبدالحمید پربھی لہرایا گیا ہے۔
"باب العالم” کے زیراہتمام ثقافتی نماش کا آغازتیرہ اپریل بروز جمعہ ہوا تھا جس میں دنیا بھرکے 90 ممالک کی ثقافتی تنظیموں اور سماجی و معاشرتی اداروں نے شرکت کی۔ نمائش میں دنیا کے مختلف خطوں کی تہذیبوں، ثقافتوں اور ان کے کلچرکو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں کے معاشرتی مسائل کوبھی اجاگرکرنے کی کوشش کی گئی۔ اسی ضمن میں ترکی کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ” آئی ایچ ایچ” نے فلسطینی تہذیب وثقافت کو اجاگرکرنے کے ساتھ مسئلہ فلسطین کی علاقائی اورعالمی اہمیت کوبھی اجاگر کیا۔
"آئی ایچ ایچ” کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ انہوں نے تین روزہ عالمی نمائش میں فلسطین کو زیادہ سے زیادہ جگہ دینے کی کوشش کی ہے۔ تمام اہم مقامات پرفلسطین کا پرچم لہرایا گیا۔ اس کے علاوہ انسانی حقوق کی تنظیم نے دنیا بھرکے یتیم بچوں کے مسائل کو اجاگرکرنے کی کوشش کی اور بتایا کہ "آئی ایچ ایچ” دنیا کے کئی ملکوں میں چھتیس ہزار بچوں کی کفالت کر رہی ہے، ان میں بڑی تعداد فلسطین بالخصوص غزہ کی پٹی کے یتیم بچوں کی بھی شامل ہے جن کے والدین یا ان میں سے کوئی ایک اسرائیلی جنگوں کے دوران شہید ہو گئے تھے۔
آئی ایچ ایچ کی جانب سے بتایا گیا کہ نمائش کے دوران فلسطین کے لیے ایک جگہ مخصوص کی گئی تھی جہاں فلسطینی تہذیب وثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ وہاں کے سماجی اور معاشرتی مسائل اور جنگ زدہ شہریوں کی مشکلات کو نمایاں کیا گیا تھا۔ نمائش کے دوران شرکاء کی بڑی تعداد نے فلسطینی "سائیٹ” کو وزٹ کیا، ان میں بڑی تعداد خواتین اور نوجوانوں کی تھی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

