اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ "فتح” کے رابطے کھلے ہیں۔ انہوں نے "فتح” کی قیادت کی جانب سے حماس پر فلسطینی مصالحت کو تعطل کا شکار کرنے سے متعلق الزامات کی شدید مذمت کی۔
اسامہ حمدان نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ فتح کے بیانات مصالحت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فتح کے ساتھ جس سطح پر رابطہ موجود ہے، اسے دیکھتے ہوئے ایسی بیان بازی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسے بیانات کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے گا۔
اسامہ حمدان نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کا سمجھوتوں کے لئے راہیں تلاش کرنا دراصل گڑھے مردے اکھاڑنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کی قیادت پر زور دیا کہ وہ سستے داموں مسئلہ فلسطین کا سودا کرنے سے باز رہیں۔ سب کو معلوم ہے کہ امن مذاکرات ناکام ہو چکے ہیں۔
مذاکرات کاروں کو وہ ادنی کامیابی بھی حاصل نہیں ہوئی کہ جس کے لئے انہوں نے خود کو ہلکان کر رکھا ہے۔ اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی کے کارپرداز خود کو اس عمل سے نکالیں کیونکہ انہیں اس کا چنداں فائدہ نہیں ہو گا۔
حماس کے رہ نما نے کہا کہ فلسطینیوں کے حقوق کی بازیابی کو اصول بنا کر ہمیں مصالحت کی روشنی میں اپنا سیاسی نقطہ نظر از سر نو ترتیب دینا چاہئے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین