اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے معروف رہنما صلاح بردویل کا کہنا ہے کہ تحریک فتح کو حماس کے ساتھ حقیقی شراکت کرنا ہوگی، ان کا کہنا تھا کہ حماس مفاہمت کی مرکزی شریک کار اور بڑی سیاسی جماعت ہے کوئی تابع اور ملحق گروہ نہیں۔
منگل کے روز ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران صلاح بردویل نے زور دیا کہ تحریک فتح کو دشمن اسرائیل کے ساتھ تعاون سے نکلنا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ مستقل وطن کے ارادے کے بغیر فلسطینی مفاہمت کامیاب نہیں ہوسکتی۔
فلسطینی رہنما نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطینی جماعتوں کے مابین مفاہمت کو اس وقت عرب اور اسلامی دنیا کے حفاظتی حصار اور امداد سے محروم کیے جانے کے خوف سے نجات کی اشد ضرورت ہے۔
حماس قیادت کے شام سے منتقلی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہر ملک دوسرے ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہوتا ہے اسی طرح فلسطین کو بھی دیگر ممالک کی سیاسی، مالی اور انسانی مدد کی اشد ضرورت ہے، تاہم حماس کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات سیاسی انتشار کے ہونے یا نہ ہونے پر نہیں بلکہ ٹھوس بنیادوں پر استوار ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین