فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فوج کی ایک فوجی ایمبو لینس پر پٹرول بموں سے حملہ کرنے کے بعد اس پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
صہیونی فوجی گاڑی پر پٹرول بموں سے حملہ الخلیل شہر میں کیا گیا۔ واقعے کے بعد صہیونی فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا تاہم کسی شخص کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی جا سکی۔
عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ الخلیل شہر میں "نجوھوت” نامی یہودی کالونی کے قریب فلسطینی نوجوانوں نے سڑک سے گذرنے والی ایک فوجی ایمبولینس پر پٹرول بم پھینکے جس کے نتیجے میں ایمبو لینس میں آگ بھڑک اٹھی۔ ایمبولینس میں موجود متعدد صہیونی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعے بعد اسرائیلی فوج اور پولیس کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کی کارروائیاں شروع کردی تھیں۔ قبل ازیں اسی علاقے میں فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوجیوں نے اشک آور گیس کی شیلنگ کی تھی اور وحشیانہ لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

