اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے مزید نو افراد کو مختلف شہروں اور دیہاتوں سے گرفتار کرکے پابند سلاسل کردیا ہے۔ صہیونی فوج کی بڑی تعداد نے جمعرات کی علی الصبح چھاپہ مار کارروائیاں کرکے متعدد فلسطینی گھروں میں توڑ پھوڑ بھی کی۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے اغوا کیے گئے افراد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام کی جانب منتقل کردیا ہے۔ خیال ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے مغربی کنارے میں آئے روز فلسطینیوں کو اغوا کیا جاتا رہتا ہے۔ اس وقت اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی تعداد 4700 سے تجاوز کر گئی ہے۔
اسرائیلی فورسز فلسطینی شہریوں کو مختلف مقدمات میں مطلوب قرار دے کر اٹھاتی ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل کو فلسطینیوں کی گرفتاریوں کے سلسلے میں مغربی کنارے کی فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے بھرپور تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔
گزشتہ چند ماہ سے صہیونی فورسز نے عرب ممالک میں انقلابات اور فلسطینی جماعتوں کے مابین مفاہمت کے تناظر میں فلسطینیوں کی پکڑ دھکڑ تیز کر رکھی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

