اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے عسکری ونگ ’’القسام بریگیڈ‘‘نے اسیر رہنما عباس سید پرقاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محبوب فلسطینی رہنما پر پورے ایک دن تک تشدد کرنے والے گناہ گار ہاتھ توڑ دیے جائیں گے۔
بریگیڈ کی جانب سے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو موصول ہونے والے بیان کے مطابق حماس کے عسکری ونگ نے خبردار کیا کہ اگر دشمن کو گیلاد شالیت کے معاملے سے سبق حاصل نہ ہوا تو ہمیں اس کے مظالم اور بربریت پر اس کو دوبارہ دردناک سبق سکھائیں گے۔ بریگیڈ نے واضح کیا کہ حماس کے اسیران کو بے یار و مدد گار نہیں چھوڑا جائے گا۔
القسام بریگیڈ نے کہا ’’ہم جیل کی سلاخوں کے پیچھے اپنے دلیر بھائیوں کو کہتے ہیں کہ صہیونیوں دردناک عذاب پر ان کی نکلنے والی چیخوں نےہمارے کلیجے ہلا کر رکھ دیے ہیں۔ ہم جلد ہی ان پر ڈھائے گئے مظالم کا انتقام لے کر ان سے کیا ہوا اپنا عہد پورا کریں گے’’
بریگیڈ کا کہنا تھا کہ صہیونی انتظامیہ نے اپنے عقوبت خانوں میں فلسطینی مجاہدین پر ظلم و بربریت کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے میں ہمارے بہادر رہنماؤں کے ارادے توڑنے کے لیے ان پر دردناک تشدد کیا جا رہا ہے۔ تاہم دشمن کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ظلم و تشدد کے ذریعے دلیر فلسطینی مجاہدین کے پائے ثبات میں لغزش نہیں لائی جا سکتی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین