فلسطین میں صدرمحمود عباس کی جماعت "الفتح” کی ترجمان سمجھی جانے والی خبررساں ایجنسی” الشہاب” کے ایک ذمہ دار ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ایجنسی کی ویب سائیٹ کو ہیک کر لیا ہے۔
خبری ذریعے کا کہنا ہے کہ نامعلوم ویب ہیکرز نے منگل کے روز ویب سائیٹ کے "ریمورٹ کنٹرول صفحے”تک رسائی حاصل کر لی تھی جس کے بعد انہوں نے صفحے پر ایک خبر بھی لوڈ کر دی جس میں کہا گیا تھا کہ غزہ کی پٹی کے معاشی محاصرے میں فتح ملوث نہیں نیز حماس کی جانب سے یہ الزام کہ "فتح امریکا،اسرائیل، یورپی یونین اور عرب ممالک کے ساتھ خفیہ سازباز کر کے غزہ کو بجلی کی فراہمی روکنے کا منصوبہ بنایا تھا” کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خبررساں ایجنسی کی ویب سائیٹ کو ہیک کرنے والے فتح کے حامی عناصر لگتے ہیں کیونکہ انہوں نے ویب سائیٹ پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد اس پر فتح کی حمایت میں خبرشائع کر دی تھی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی شہرغزہ کی پٹی کی حکمراں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے انکشاف کیا تھا کہ فلسطینی صدرمحمود عباس کی جماعت الفتح نے اسرائیل، امریکا، یورپی یونین اور بعض عرب قوتوں کے ساتھ مل کر غزہ کی پٹی کی بجلی اور ایندھن کی سپلائی روکنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
فتح نے اس خبرکی سختی سے تردید کی تھی تاہم فتح کی ترجمان سمجھی جانے والی خبررساں ایجنسی "الشھاب” نے اس کی تصدیق یا تردید کے بارے میں خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔ امکان یہ ہے کہ ویب سائیٹ کو ہیک کر کے خبررساں ایجنسی کوسزا دی گئی ہو گی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

