اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے پیر کے روز ترک خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایران پر حملے سے قبل غزہ کو اپنے اسلحے کی استعداد کے جائزے کی تجربہ گاہ کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
جمعہ کے روز سے جاری اپنے ترکی کے دورے کے دوران فلسطینی رہنما کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے اپنے اسلحے اور میزائل شکن ٹیکنالوجی کی استعدادکار کو جانچنے کے لیے غزہ کو تجربہ گاہ بنا رکھا ہے۔ وہ ایران پر حملے سے قبل اسے اپنے میزائل شکن پروگرام کی صلاحیتوں کو سمجھنے کے لیے غزہ کے مزاحمت کاروں کے راکٹ حملوں سے کافی مدد ملتی ہے۔
خالد مشعل نے کہا کہ فلسطینی مجاہدین اسرائیلی حملوں کےجواب میں یہودی بستیوں پر راکٹ صرف اپنے دفاع کے لیے برساتے ہیں۔ ایسے وقت میں جب اسرائیل نے ہم پر حملہ کر دیا ہے تو اب مزاحمت کاروں کے پاس اپنے بھائیوں کی حفاظت کے لیےجوابی کارروائیوں کے سوا کوئی چارہ کار نہیں رہتا۔
خیال رہے کہ خالد مشعل جمعہ کے روز ترکی پہنچے تھے۔ دارالخلافہ انقرہ میں ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوان نے خالد مشعل کی سربراہی میں حماس وفد کا پرتپاک استقبال کیا تھا، خالدمشعل ترک صدر عبد اللہ گل سے بھی ملاقات کر کے انہیں فلسطینی معاملات سے آگاہ کر چکے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین