اسرائیلی فوج نے کہا ہےکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں صدر محمود عباس کی زیر کمانڈ سیکیورٹی فورسز نے حالیہ کچھ عرصے کے دوران حماس کے جنگجؤوں کے ہاتھوں اسرائیلی فوجیوں کے اغواء کی کئی کوششیں ناکام بنائی ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مقرب خیال کیے جانے والے اخبار”یدیعوت احرونوت” نے اپنے رپورٹ میں فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ گذشتہ چند ماہ میں حماس کے مزاحمت کاروں نے اسرائیلی فوجیوں کے اغواء کی کئی کوششیں کیں، تاہم وہ تمام کوششیں فلسطینی صدر محمود عباس کے زیرکمانڈ پولیس اہلکاروں نے ناکام بنا دیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے کے علاقوں میں فلسطینی مزاحمت کار تیزی سے اپنی سرگرمیوں کو بڑھا رہے ہیں۔ ان میں حماس کی سرگرمیاں سب زیادہ ہیں۔ تاہم فلسطینی اتھارٹی کی پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے حماس کے جنگجوؤں کی کارروائیاں ناکام بنا دی ہیں۔
اخبار لکھتا ہے کہ حماس کے جنگجو پانچ سال قبل غزہ کی سرحد سےایک فوجی گیلاد شالیت کو پکڑنے کی طرح دیگر فوجیوں کو بھی پکڑنے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم اب مغربی کنارے میں فلسطینی پولیس نے یہودی فوجیوں کو اغواء کی کارروائیوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین