اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہرغزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد سے شہر کے وسط میں توپخانے سے گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں کئی مکانات تباہ ہو گئے ہیں تاہم گولہ باری میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں کے ذریعے شہر کے وسط میں مشرقی سرحد سے گولہ باری کی گئی اور کئی راکٹ داغے گئے ہیں، جس سے مقامی آبادی میں سخت خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ فضاء میں اسرائیلی فوج کے ایف سولے طیارے اور ڈرون طیارے بھی مسلسل پروازیں جاری رکھے ہوئے ہیں جس سے شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
قبل ازیں منگل کی شام کو صہیونی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے دو شہریوں بسام العجلہ اور محمد ضاہر کے جنازے کے جلوسوں پر پر بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کم سے کم تین افراد زخمی ہو گئے۔ یہ فائرنگ اس وقت کی گئی تھی جب فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیل فوج کے درمیان ایک عارضی فائربندی کا معاہدہ ہوا تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کےبعد سے اب تک غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم سے کم پچیس افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئےہیں۔ اسرائیلی جارحیت کےجواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے یہودی تنصیبات پر سیکڑوں راکٹ بھی فائر کیے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین