مصر کی سب سے بڑی علمی درسگاہ جامعہ الازھر کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب نے فلسطینی ساحلی شہر غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نےعالم اسلام اور عرب ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کےخلاف اسرائیلی جارحیت رکوانے اور بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کو یہودیوں کے درپیش خطرات سے بچانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کریں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شیخ الازھرنے اپنے ایک بیان میں اسرائیلی فوج کے غزہ پر تازہ حملوں کو عالم اسلام اور عرب ممالک کا ایک نیا امتحان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی عالم اسلام کی خاموشی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قبلہ اول کو نقصان پہنچانے اور فلسطینیوں پر اپنے مظالم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
شیخ الازھر کا کہنا تھا کہ فلسطین اس وقت مجمع آلام ومصائب بن چکا ہے۔ اسرائیلی فوجیوں کے حملوں سے کوئی خاندان اور کوئی فرد محفوظ نہیں رہا۔ عالم اسلام اپنے دشمنوں سے ایک مرتبہ پھر تاریخ کا سبق حاصل کر رہے ہیں۔ مسجد اقصیٰ اس وقت تک آزاد نہیں ہو سکتی جب تک فلسطین اورعرب ممالک کے مسلمان اور مسیحی سب زندہ اور بیدار نہیں ہو جاتے۔
انہوں نے قبلہ اول کے حوالے سے عالم اسلام کی جانب سے برتی جانے والی سستی اور غفلت کی بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ اسرائیل مسلمانوں کی خاموشی سے فائدہ اٹھا کر فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین