اسرائیلی جیل حکام کی جانب سے فلسطینی اسیران کے ساتھ انتقامی پالیسیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز سے "عوفر”جیل میں فلسطینی اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے اسیران کے جیل خانوں، کوٹھڑی نمبر12,14 اور 16 کی بجلی کاٹ دی گئی۔
عوفر جیل سے مرکزاطلاعات فلسطین کو ذرائع نے بتایا کہ جن کمروں کی بجلی بند کی گئی ہے وہاں اسلامی تحریک مزاحمت کے کارکن قید ہیں۔ بجلی کا یہ انقطاع غیرمعینہ مدت کے لیے کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ سخت سردی میں بجلی کی سہولت قیدیوں کے لیے شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے، لیکن صہیونی حکومت نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے اسیران کو اس بنیادی ضرورت سے محروم کر دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فلسطین کے جس علاقے میں عوفرجیل قائم ہے وہ سرد ترین مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔ اسرائیلی حکومت کی جانب سے بجلی کاٹ دیے جانے کے بعد قیدی سخت ترین مشکلات کا شکار ہیں اور اندھیرے میں وہ دیا سلائی بھی نہیں جلا سکتے۔
دوسری جانب عوفرجیل کے متاثرہ فلسطینی اسیران انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں بالخصوص ریڈ کراس سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے ان کے حقوق اور مطالبات کو پورا کرنےمیں ان کی مدد کرے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

