پانچ سال سے اسرائیلی محاصرے میں گھرے اہل غزہ کی نصرت کے لیے ’’میلوں مسکراہٹ‘‘ کے عنوان سے آنے والے امدادی قافلوں کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عصام یوسف کا کہنا ہے کہ اہل غزہ سے اظہار یک جہتی کے لیے عالم اسلام کی بیس معروف خواتین کے قافلے کی غزہ روانگی کے لیے تیاری جاری ہے۔
یہ قافلہ اسی ماہ غزہ پہنچے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اپریل میں افریقی نوجوانوں جب کہ مئی میں دنیا بھر کے معروف سیاسی و سماجی شخصیات کے قافلے غزہ پہنچیں گے۔
تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر یوسف نے بتایا کہ اس قافلے میں عرب اور اسلامی دنیا کی معروف خواتین، عزم و ثبات کی پیکر غزہ کی خواتین کی نصرت کے لیے خصوصی طور پر صہیونی شکنجے میں پھنسی اس 360 مربع کلومیٹر کی پٹی پہنچیں گی۔
دوسرے مرحلے میں افریقا کے نوجوانوں کا ایک قافلہ اگلے ماہ غزہ جائےگا اس قافلے کا مقصد اسرائیل کو یہ باور کروانا ہو گا کہ نوجوان طبقہ غزہ میں اٹھنےوالی کسی بھی تحریک کے ساتھ ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ مئی میں مغربی ممالک اور امت مسلمہ کی معروف شخصیات غزہ کا رخ کرینگی تاکہ صہیونی حکام پر محاصرہ ختم کرنے کا دباؤ بڑھایا جا سکے۔
ڈاکٹر یوسف کا کہنا تھا کہ ان دوروں کا مقصد اہل غزہ میں امید کی کرنیں روشن کرنا اور ان کا حوصلہ بڑھانا ہے۔ ہم اہل غزہ کا یہ احساس ختم کرنا چاہتے ہیں کہ وہ باقی دنیا سے کٹے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’’ہم غزہ سیر کرنے کے لیے نہیں جا رہے، بلکہ ہمارا مقصد ایک طرف تو اہل غزہ کی سیاسی، اقتصادی اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے مدد کرنا ہے تو دوسری جانب وہاں جاری اسرائیل جرائم کی تصدیق کرنا اور انہیں دنیا کے سامنے لانا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین