اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کی پکڑدھکڑ مہم جاری رکھتے ہوئے جنین شہر میں سرچ آپریشن کیا اور جنین کیمپ سے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
شہر کے متعدد علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کی گئی جن کے دوران شہریوں کو زد و کوب کیا جاتا رہا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والوں میں 38 سالہ شیخ محمود السعدی، 54 سالہ خالد صالح ابو زینہ، 29 سالہ محمد علی برکات، 23 سالہ محمد محامید اور 21 سالہ علی قاسم السعدی شامل ہیں۔ صہیونی فورسز کی انیس کے لگ بھگ گاڑیوں میں اہلکاروں نے کیمپ میں گھس کر خواتین اور بچوں کو گھروں سے نکال کر گھنٹوں سخت سردی میں کھڑا کر کے ان سے تفتیش کی۔
صہیونی سکیورٹی فورسز نے اس دوران ایک بائیس سالہ نوجوان منیر عرسان قرینی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا تاہم عرسان کی عدم موجودگی کے باعث انہیں ناکام واپس لوٹنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق جنین کیمپ کے علاوہ صہیونی فوج نےبرقین، عرابہ، فحمہ، کفر راعی، قباطیہ اور زبوبا کے علاقوں پر بھی دھاوا بول کربعض افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین