اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق کا کہنا ہے کہ دوحہ اعلامیے پر حماس کی قیادت کے مابین اختلافات قاھرہ میں تحریک کی اعلی قیادت کے حالیہ اجلاس کے بعد مکمل طور پر ختم ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حماس فلسطینی جماعتوں کے مابین مفاہمت کو ہر صورت برقرار رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہے۔
حماس رہنما نے سماجی روابط کی معروف ویب سائٹ ’’فیس بک‘‘ پر شائع اپنی پوسٹ میں حماس اور فتح کے وفود کے مابین ہونے والی ملاقات کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات دوستانہ ماحول میں ہوئیں۔ اس ملاقات میں حماس کی جانب سے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ جبکہ فتح کی جانب سے صدر محمود عباس نے شرکت کی تھی۔ عزت الرشق کے بہ قول دونوں جماعتیں ہر حال میں مفاہمتی عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب باخبر فلسطینی ذرائع نے حماس کی جانب سے دوحہ اعلامیے پر مزید شرائط عائد کیے جانے کی بھی نفی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اصل مقصود عبوری حکومت کے لیے متفقہ وزیر اعظم کا چناؤ ہے اور یہ مقصد اسی وقت حاصل ہوگا کہ جب محمود عباس قاھرہ میں ہونے والی مفاہمت کی شقوں پر عمل کرتے ہوئے شفاف انتخابات کا انعقاد کروا دیتے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین