فلسطین میں اسرائیلی تسلط کے خلاف سرگرم تنظیم "عوامی محاذ برائے آزادی” کے عسکری ونگ ناصر صلاح الدین بریگیڈ نےغزہ کی پٹی سے اسرائیلی تنصیبات پر19 راکٹ حملے کیے ہیں۔
مزاحمتی تنظیم نے یہ راکٹ حملے مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کی تازہ یلغار کے رد عمل میں شروع کی گئی مسلح مزاحمتی مہم کے تحت کیے ہیں۔ ناصر بریگیڈ نے یہ مہم "اقصیٰ تیرے نثار” اور نصرت بیت المقدس کے نام سے شروع کر رکھی ہے جس کے دوران صہیونی تنصیبات پر راکٹوں سے حملے کیے جا رہے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ناصر بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ تنظیم کے مجاہدین نے ہفتے کے روز غزہ کے بالمقابل مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوجی اور حکومتی تنصیبات اور یہودی کالونیوں پر راکٹ گرائے۔ قبل ازیں جمعہ کومجاہدین نے حجرالدیک کے مشرقی علاقے میں اسرائیل کے ایک ہوائی اڈے کو "ناصر107” نامی راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ راکٹ ہوائی اڈے کے رن وے پرگرے تھے۔ ہفتے کے روز صہیونی تنصیبات پر "ناصر04” گرائے گئے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز دن بارہ بجے کے قریب اسرائیل کے ایک فوجی کیمپ پر 80 ایم ایم توپ سے دو ہاون طرز کے راکٹوں سے حملہ کیا گیا، جس کے بعد کیمپ سے دھوئیں اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دکھائی دیتے رہے۔ ادھر مغازی کے مشرقی علاقے میں بھی اسرائیلی تنصیبات پر ناصر107 راکٹوں سے حملے کیے گئے ہیں۔ ہفتے کے روز دو راکٹ عسقلان، دو کو سوفیم اور چار راکٹ وادی عوز پر فائر کیےگئے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ تنظیم کی جانب سے یہ تازہ حملے صہیونی فوج اور انتہا پسند یہودیوں کے مسجد اقصیٰ پر ہونے والے حملوں اور بیت المقدس کو یہودیانے کی سرگرمیوں کا رد عمل ہیں اور مجاہدین صہیونی فوج کے اور قابض دشمن ریاست کی دیگر تنصیبات پرحملوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

