فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے ترک وزیراعظم رجب طیب ایردوآن کے دل کے کامیاب آپریشن اور ان کی صحت یابی پر انہیں مبارک باد دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے لیڈرنے ترک وزیراعظم کو ٹیلیفون کیا اوران کی سرجری کے بعد خیریت دریافت کی۔ اس موقع پرخالد مشعل نے ترک وزیراعظم کی صحت کے لیے دعا کی اور اپنی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
دوسری جانب ترک وزیراعظم نے خالد مشعل کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان فلسطین کی تازہ صورت حال پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایردوآن نے خالد مشعل کو دوحہ میں قومی حکومت کے اعلان پر اتفاق پربھی مبارک باد دی۔
ادھر دوسری جانب غزہ میں فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے بھی اپنے ترک ہم منصب سے ٹیلیفون پر ان کی خیریت دریافت کی۔ غزہ حکومت کے ترجمان طاہرنونو نے بتایا کہ اسماعیل ھنیہ نے اپنے ترک ہم منصب سے ٹیلیفون پربات چیت کرتے ہوئے فلسطین کی موجودہ سیاسی صورت حال، اپنے دوسرے بیرون ملک دورے اور غزہ کی پٹی میں توانائی کے تازہ بحران پر تبادلہ خیال کیا۔
خیال رہے کہ طیب ایردوآن کا گذشتہ جمعہ کو دل کا آپریشن کیا گیا تھا۔ یہ ایک سال میں ان کا دوسراآپریشن تھا۔ قبل ازیں ان کی بڑی آنت کا بھی آپریشن کیا گیا تھا، جو کامیاب رہا تھا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

