مصر کی مسلح افواج کے سربراہ اور موجودہ عسکری کونسل کے ڈپٹی چئیرمین جنرل سامی عنان نے مسجد اقصیٰ کے حوالے سے اسرائیل کو ایک سخت پیغام بھیجا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ کو نقصان پہنچا تو یہ مصرکی قومی سلامتی کے لیے نہایت تباہ کن ہوگا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مصری مسلح افواج کے ایک مصدقہ ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ مسلح افواج کے سربراہ جنرل سامی عنان نے فوج کو مسجد اقصیٰ کو درپیش حالات کے حوالے سے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق جنرل عنان نے اسرائیل کو ایک تحریری پیغام میں آگاہ کیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کےخلاف انتہا پسند یہودیوں کی اشتعال انگیز کارروائیاں مصرکی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ اگر مسلمانوں کے قبلہ اول کو کوئی نقصان پہنچتا ہے تو یہ مصرکی قومی سلامتی کے لیے ایک خطرناک چیلنج ہوگا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جنرل سامی عنان نے فلسطین کی موجودہ صورت حال بالخصوص مسجد اقصیٰ میں یہودیوں کی تعداد میں اضافے اور صہیونی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ کا گھیراؤ کرنے پر فوج کی اعلیٰ کمان کا ایک ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا ہے۔ جس میں مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کی اشتعال انگیزی اور اس سے نمٹنے کے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔

