فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں کے خلاف پکڑدھکڑ کی مہم جاری ہے۔ تازہ کارروائیوں میں قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم سے کئی فلسطینیوں کو گرفتارکر کے نامعلوم مقام پرمنتقل کر دیا ہے۔
عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ قابض فوج نے منگل کے روز طولکرم میں ارتاح کےمقام پر گھروں میں تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران خواتین بچوں کو زد و کوب کرنے کےساتھ ساتھ انہیں تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فوج کی ایک گشتی پارٹی ارتاح کے علاقے میں عبدالخالق ابوالتین کے گھر میں داخل ہو گئی اورگھر میں موجود خواتین اور بچوں کو زد و کوب کرنے،مکان کی مکمل تلاشی لینے کے بعد ان کے جواں سال بیٹے محمد کو حراست میں لے لیا، جس کے بعد اسےنامعلوم سمت کی جانب لے جایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ صہیونی فوج کی جانب سے ابوالتین کے مکان پر پہلے بھی کئی مرتبہ چھاپے مارے گئے ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ابو التین کے ایک دوسرے بیٹے مصعب کو صہیونی فوج نےپہلے ہی گرفتار کر کے اس پر وحشیانہ تشدد کیا ہے۔ دوران حراست اسے بجلی کے جھٹکے بھی لگائے گئے جس کے بعد اس کی حالت خراب ہونے کے پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ادھر طولکرم کے مشرق میں طابا کے مقام سے قابض فوج کی سرچ آپریشن کے دوران موسیٰ یوسف نامی ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ قبل ازیں اسی شہر کے ایک دوسرے شہری ایمن السمیح کو اردن سے واپسی پر طولکرم میں داخلے سے قبل حراست میں لے لیا۔

