مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقے صحرائے نقب میں اسرائیلی حکومت نے پانچ فلسطینی گھروں کو مسمار کر دیا ہے۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق صہیونی فورسز کی بڑی تعداد کے ہمراہ حکومت کے شعبہ اراضی کی بلڈوزروں نے صحرائے نقب کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا۔
اس آپریشن میں پانچ بدو عربوں کے گھروں کو مسمار کر دیا گیا۔
اسرائیلی انتظامیہ کے مطابق یہ گھر متعلقہ اتھارٹی کی اجازت کے بغیر تعمیر کیے گئے تھے جس کی وجہ سے ان کو گرانا ضروری تھا۔ دوران کارروائی اسرائیلی فوج کے اہلکاروں نے مالکان کو زبر دستی گھروں نے نکالا۔اسرائیلی فوجی اہل خانہ کو ہی اپنے گھر مسمار کرنے پر مجبور کرتے رہے۔
دوسری جانب نقب کے دیہی علاقوں کے رہنماؤں نے اس کارروائی پر شدید احتجاج کیا ہے۔ بدو عرب قیادت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی انتظامیہ نے’’برافر‘‘ کمیٹی کی تجاویز پر عمل کرتے ہوئے فلسطینیوں کے گھروں کو گرانا شروع کر دیا ہے۔ صہیونی حکومت اس پورے علاقے سے عربوں کو نکالنا چاہتی ہے۔

