اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے حالیہ انکشاف کے مطابق اسرائیل اور اردن نے سورج کی روشنی سے بجلی پیدا کرنے کا ایک منصوبہ تشکیل دے لیا ہے۔
اس مشترکہ پروجیکٹ پر تیس سے ساٹھ لاکھ ڈالرز کی لاگت آئے گی۔
عبرانی زبان میں شائع ہونے والے معروف روزنامے ’’معاریف‘‘کے مطابق شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے اس پروجیکٹ کی تفصیلات پر اردن اوراسرائیل کے مابین گفتگو جاری ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے اسرائیل 2016ء سے پچاس سے ڈیڑھ سو میگا واٹ بجلی حاصل کر سکے گا۔
اس منصوبے کے مطابق بجلی کی بڑی مقدار اردن میں پیدا کر کے اسرائیل کو برآمد کی جائے گی۔ انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق اردنی فرماں رواں کنگ عبد اللہ ثانی نے اس منصوبے کی تصدیق کر دی ہے تاہم اسرائیل کی ریجنل کوآرڈینیشن منسٹری تاحال اس منصوبے کے متعلق حتمی فیصلہ نہیں کر سکی ہے۔
ریجنل کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق اسرائیلی ذرائع اس پروجیکٹ اور اردن اور اسرائیل کے مابین معاشی تعاون اور باہمی ترقی کے حوالے سے انتہائی اہمیت دے رہے ہیں۔