فلسطینی اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے صدر خالد مشعل سوئٹرزلینڈ کے خصوصی مندوب برائے مشرق وسطیٰ کے ساتھ آنے والے وفد کے ہمراہ منگل کو قاہرہ پہنچے ہیں۔
جہاں وہ مصری حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حماس کے ساتھ آنے والے وفد میں سیاسی شعبے کے اراکین بھی شامل ہیں۔ حماس کی قیادت آج سوئٹرزلینڈ کے مندوب جان ڈانیا کی سربراہی میں آئے وفد سے ملاقات کریں گے۔اس ملاقات میں مسئلہ فلسطین، فلسطینیوں کے مابین مفاہمت کی کوششیں اورعرب ممالک میں جاری انقلابات پر بات چیت کی جائے گی۔
خیال رہے کہ سوئس حکومت کا ایک اعلیٰ سطحی سفارتی وفد ایک ایسے وقت میں قاہرہ پہنچا ہے جب اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کا ایک پارلیمانی وفد بھی یورپ کے دورے پر ہے۔ اسرائیلی حکومت اور صہیونی میڈیا نے حماس کے وفد کے دورہ یورپ پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور یورپی رہ نماؤں کی حماس کی قیادت سے ملاقاتوں پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ تاہم حماس کا وفد جن یورپی رہ نماؤں سے ملا ہے انہوں نے غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی مسلط کردہ معاشی ناکہ بندی کے فوری خاتمے کی حمایت اور فلسطینیوں کے مابین اتحاد کی مساعی کو سراہا ہے۔

