قاھرہ ائیر پورٹ پر پرتپاک استقبال کے بعد فلسطینی وزیراعظم نے قاھرہ میں شیخ ازھر احمد الطیب سے ملاقات کی۔ شیخ ازھر نے اپنے ہیڈ کوارٹر میں اسماعیل ھنیہ کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے القدس کے تحفظ کے لیےعالمی القدس کانفرنس کے انعقاد پر اتفاق کر لیا ہے۔
قاھر میں ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے نے بتایا کہ مصر، سوڈان، ترکی اور تیونس کا دورہ مکمل کر کے واپس مصر پہنچنے والے اسماعیل ھنیہ نے شیخ ازھر کے ساتھ اپنی ملاقات میں مقبوضہ بیت المقدس اور قبلہ اول مسجد اقصی کےخلاف اسرائیلی جارحیتوں کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
دوران ملاقات دونوں رہنماؤں نے القدس کے تحفظ اور اس بابرکت شہر کو یہودی ریشہ دوانیوں سے بچانے کے لیے قاھرہ میں عالمی القدس کانفرنس کے انعقاد پر اتفاق کر لیا ہے۔ تاہم اس کانفرنس کے انعقاد کی حتمی تاریخ کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
فلسطینی وزیر اعظم نے اس موقع پر شیخ ازھر سے فلسطینی مفاہمت پر بھی کھل کر بات کی اور شیخ ازھر کو بتایا کہ مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے فلسطینی مسلمہ حقوق سے دستبردار ہوئے بغیر سنجیدگی سے عمل کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے بعد وزیر اعظم کے سیاسی مشیر ڈاکٹر یوسف رزقہ اور حسن الشافعی نے ایک پریس کانفرنس کی جس میں احمد الطیب اور اسماعیل ھنیہ کےمابین ہونے والی گفتگو سے صحافیوں کو آگاہ کیا۔ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ شیخ ازھر نے بھی فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ مزاحمت کو قرار دیا ہے۔
اسماعیل ھنیہ پیر کی شام تیونس سے قاھرہ پہنچے تھے جہاں پر ہزاروں افراد نے قاھرہ ائیرپورٹ پر ان کا والہانہ استقبال کیا تھا۔