قابض اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ آئے روز کی کریک ڈاؤنز میں ہزاروں فلسطینی صہیونی عقوبت خانوں میں دھکیلے جا چکے ہیں۔
آج منگل کی علی الصبح بھی صہیونی سکیورٹی فورسز نے مختلف شہروں سے پندرہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے صہیونی عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ صہیونی فوج نے مختلاف معاملات میں خود کو مطلوب قرار دیے گئے پندرہ فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر کے تفتیشی مراکز منتقل کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز اپنی گرفتاریوں کی کارروائیوں کے جواز میں گرفتارشدگان کا مطلوب ہونا پیش کرتی ہیں۔
مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں کیے گئے اپنے آپریشنز میں اسرائیلی اہلکاروں نے متعدد گھروں پر چھاپے مارے اور اہل خانہ کو گھروں سے نکال کر سخت سردی میں گھنٹوں کھلے آسمان تلے چھوڑے رکھا، گھروں کی تلاشی لی گئی اور بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ بھی کی گئی، اس دوران پندرہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور آنکھوں پر پٹیاں اور ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگا کر ان کو تفتیشی مراکز میں منتقل کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس وقت اسرائیلی جیلوں میں پانچ ہزار کے لگ بھگ فلسطینی اپنے ملک کی آزادی اور قبلہ اول کی حفاظت کی آواز بلند کرنے کی پاداش میں قید و بند کی صعوبتیں کاٹ رہے ہیں۔