قابض اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل کے مختلف مقامات پر دھاوا بولا اور فلسطینی شہریوں کے متعدد گھروں کو مسمار کر دیا۔ اسرائیلی فورسز نے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
صہیونی فوجی اہلکاروں نے فلسطینیوں کو گھروں سے نکال کر عریاں تفتیش کرتے رہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس دوران اسرائیلی فوجی اہلکاروں نے فلسطینی شہریوں پر صوتی اور اشک آور گیس کے شیل برسائے اور اس دوران شہریوں کو زد و کوب کرتے رہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے یطا کے علاقے میں بھی ایسی ہی ایک کارروائی کی جس میں جانوروں کے ایک باڑے میں گھس کر بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی گئی۔
اتوار کی علی الصباح ایک کارروائی میں اسرائیلی فوجی ٹولے نے ایک فلسطینی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ بیت امر کے عینی شاہدین نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والوں میں 35 سالہ رائد محمود صبارنہ، 25 سالہ یوسف محمودالعلامہ اور فرج الکرکی شامل ہیں۔ ان تینوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام کی جانب منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوجی اہلکاروں نے چالیس سالہ فلسطینی زھیر مقبل کو حراست میں لیا اور کئی گھنٹے تک تشدد کرتے رہے۔