نئے آنے والے یہودی مہاجرین کو معاشرے میں شامل کرنے والی اسرائیلی وزارت کے مطابق گزشتہ برس اسرائیلی ریاست کے یہودیوں کی واپسی کے قانون کے تحت کل 18968 یہودی اسرائیل میں آ کر آباد ہوئے ہیں، ہجرت کر کے آنے والوں میں اکثریت کا تعلق سابقہ سوویت یونین سے ہے۔
نئے آباد کاروں کو اسرائیلی معاشرے میں ضم کرنے کے لیے بنائی گئی وزارت کی جاری کردہ حالیہ رپورٹ کے مطابق ہجرت کر کے آنے والے یہودیوں کی بڑی تعداد کو القدس، تل ابیب اور حیفا جیسے بڑے شہروں اور مغربی کنارے کی تیس یہودی بستیوں میں بسا دیا گیا ہے۔ یہودی بستیوں میں رہائش اختیار کرنے والے اکثر یہودیوں کا تعلق امریکا سے ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2011ء میں اسرائیل میں ہجرت کرنے والے یہودیوں کی تعداد گزشتہ چار برسوں میں سب سے کم ہے۔ 2010ء میں کل 19231 افراد اسرائیل آئے تھے۔ ان میں بھی اکثریت سوویت یونین ٹوٹنے کے بعد آزاد ہونے والےممالک اور ایتھوپیا سے تعلق رکھتی تھی۔
یہودی مہاجرین کے امور کی خاتون اسرائیلی وزیر سووااینڈیور کا کہنا ہے کہ یہودیوں کی اسرائیل آمد میں کمی قابل تشویش ہے۔