چھ سالہ اسرائیلی محاصرے کے سبب ضروریات زندگی کی ترسیل کے لیے مصری سرحدوں پر زیر زمین سرنگیں کھودنے پر مجبور غزہ کا ایک فلسطینی مزدور سرنگ بیٹھنے سے شہید ہو گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔
غزہ کی میڈیکل سروسز کے ترجمان نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ سرنگ تلے دب کر شہید ہونے والے فلسطینی مزدور کا نام بل الشعت ہے جس کی عمر چوبیس سال ہے۔ شعت کا جسد خاکی اور زخمی ہونے والے دوسرے مزدور کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چھ سال سے جاری غزہ کی پٹی کی معاشی ناکہ بندی کی وجہ سے یہاں بسنے والے ساڑھے سولہ لاکھ فلسطینی کس مپرسی کی زندگی بسر کررہے ہیں۔ مصر میں گزشتہ برس جنوری میں آنے والے انقلاب کے بعد اگرچہ غزہ کی مصرسے ملحق سرحد پر قائم واحد رفح کراسنگ سے اہل غزہ کو مصر آمد و رفت کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تاہم محدود پیمانے آمد ورفت کے بعد اب بھی اہل غزہ زندگی کا ناطہ برقرار رکھنے کے لیے ضرورت اشیاء کی غزہ ترسیل کے لیے زیر زمین سرنگوں کے ذریعے مصر داخل ہونے پر مجبور ہیں۔