قابض اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نابلس اور بیت لحم سے مزید چار فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس وقت ساڑھے چار ہزار سے زائد فلسطینی صہیونی عقوبت خانوں میں موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیر کی علی الصباح اسرائیلی فوجی اہلکاروں کی بڑی تعداد نے نابلس کے جنوب مشرقی دیہات یتما سے دو شہریوں کو اغوا کیا۔ مقامی افراد نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے یتما اور اوصرین دیہات کے مابین ایک چیک پوسٹ قائم کی اور شہریوں کو روک کر تفتیش کرنا شروع کر دی۔ دوران تفتیش عاصم صنوبر اور عبد المنعم صنوبر نامی دو نوجوانوں کو گرفتار کر کے نامعلوممقام کی جانب منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب بیت لحم کے جنوبی علاقے بیت فجار میں بھی صہیونی فورسز نے ایک آپریشن کیا اور دو نوجوانوں کو حراست میں لے لیا، علاقے کی گلیوں میں گشت کرنے والے اسرائیلی فوجی اہلکار گھروں میں گھس کر اہل خانہ سے تفتیش اور اندر موجود سامان کی توڑ پھوڑ کرتے رہے۔ اس دوران دو گھروں سے علی شحادہ دیریہ اور مجاہد محمد ثوابتہ نامی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا۔