اسرائیلی فوج کے جیٹ طیاروں نے فلسطینی شہرغزہ کی پٹی پر منگل کی شام بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور دس زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب فلسطین تین سال قبل اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کی یاد میں تقریبات اور جلسے جلوس منعقد کر رہے ہیں۔
غزہ میں ایمرجنسی کمیشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوج کے جنگی طیاروں نے منگل کی شام شمالی غزہ میں ایک کار پر میزائل حملہ کیا۔ حملے میں ایک بائیس سالہ عبداللہ التلبانی شہید اور دو افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس حملے کی کچھ دیربعد صہیونی جنگی طیاروں نے شمالی غزہ میں ایک دوسرا میزائل حملہ کیا اس حملے میں کم سے کم آٹھ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق دوسرا حملہ ایک بغیرپائلٹ کے ڈرون طیارے کے ذریعے کیا گیا۔ اس میں بھی ایک کار کو نشانہ بنایا گیا جس میں متعدد افراد سوار تھے۔ بمباری میں ایک شخص کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے جبکہ دیگر افراد کو ہلکے اور درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔