فلسطینی داخلی اور سکیورٹی امور کے وزیر فتحی حماد کا کہنا ہے کہ ان کی وزرات ملک میں امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے انتھک کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا آج غزہ پر اسرائیلی حملے کے تین سال مکمل ہونے پر ہم نے قوم کے محافظوں کی نئی فوج تیار کر لی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آف ٹریننگ کے زیر تربیت سکیورٹی اہلکاروں کی پاسنگ آوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فتحی حماد نے کہا کہ تین سال قبل اسی روز اسرائیل نے غزہ پر جنگ مسلط کی تھی اور پہلے ہی روز وزارت داخلہ کے زیر انتظام زیرتربیت 350 سکیورٹی اہلکاروں کو جام شہادت پلا دیا تھا۔ جنگ فرقان کے پہلے روز شہید ہونے والوں میں وزیر داخلہ سعید صیام، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل توفیق جبر اور ڈائریکٹر آف سکیورٹی اینڈ پروٹیکشن اسماعیل الجعبری بھی شہادت پا گئے تھے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے امت مسلمہ اور فلسطینی قوم سےدشمن کے بھاگنے اور سرزمین فلسطین پر ایک اسلامی ریاست کے قائم ہونے تک چین سے نہ بیٹھنے کا عہد لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیلی تکبر اور غرور کے سامنے کبھی سرنہیں جھکائیں گے اور اپنے موقف سے ذرہ بھر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے تربیت پا کر فارغ ہونے والے ایک ہزار سکیورٹی اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب ساری قوم کی حفاظت اور اس کے وقار میں اضافے کی ذمہ داری آپ کے کندھوں پر آن پڑی ہے۔ تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنےعمل کا اخلاص ہی وہ عنصر ہے جو آپ کو کامیابی عطا کرے گا۔