اسرائیلی وزیر دفاع ایھود باراک نے ایک بار پھر مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے تحفظ اور اسرائیلی فوج کے ساتھ شاندار تعاون کرنے پر فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے اسرائیلی ریڈیو سے اپنی ایک گفتگو میں کہا کہ اسرائیل کو حماس کے ساتھ مفاہمت کے باوجود فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز کو رقوم فراہم کرنا ہونگی، کیونکہ یہ اسی ملیشیا کو فائنسنگ ہو گی جو ہمارے مفادات کے لیے کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج تمام تر کشیدہ حالات کے باوجود مغربی کنارے میں آباد یہودی آباد کار محفوظ ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اسرائیلی فوج،انٹیلی جنس ایجنسی شاباک اور فتح کے زیر انتظام مغربی کنارے کی فلسطینی اتھارٹی فورسز کے تعاون سے حاصل ہونا والا مغربی کنارے کا امن قائم رہے۔
’’یہی وجہ ہے کہ ہم فلسطینیوں کو رقوم دینے کی بات یہودی آباد کاروں کی حفاظت کے لیے کر رہے ہیں۔‘‘ صہیونی وزیر دفاع نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے عرب ممالک کے انقلابات کے بارے میں کہا ’’مجھے بالعموم عرب انقلابات سے خوف ہے جہاں پر سابقہ جماعتوں کی جگہ اسلامی پارٹیوں نے لے لی ہے جو ہمارے مفادات کے لیے کام نہیں کرینگی’’

