اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے رہنما ڈاکٹر اسماعیل رضوان کا کہنا ہے کہ فلسطینی سیاسی تنظیموں کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے بنائی گئی فلسطینی عبوری قیادت کا اجتماع آج بروز جمعرات دوپہر بارہ بجے قاھرہ میں ہو رہا ہے۔
ڈاکٹر رضوان کے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو موصول ہونے والے بیان کے مطابق اس اجلاس کے ایجنڈے میں تنظیم آزادی فلسطین (پی ایل او) کی بحالی، تنظیموں کے کام کرنے کا میکنزم، مفاہمت کی نگرانی، مفاہمت میں طے پانے والے امور پر اتفاق رائے اور پی ایل او کی تنظیم نو کے امور شامل ہیں۔
آج کا یہ اجلاس کل شام کو فلسطینی قانون ساز کونسل کو فروری میں فعال کرنے پر اتفاق رائے اور فلسطینی انتخابات کے لیے نو رکنی کمیٹی کے اراکین کے ناموں پر اتفاق کے بعد ہو رہا ہے۔ منگل کے روز قاھرہ میں کل جماعتی فلسطینی کانفرنس میں فلسطینی مفاہمت کے متعلق چھ امور پر اتفاق رائے ہو گیا تھا۔
منگل کے اجلاس میں جن امور پر تمام فلسطینی دھڑوں نے اتفاق کیا وہ حسب ذیل ہیں۔
ڈاکٹر حنا ناصر کی سربراہی میں نو رکنی الیکشن کمیشن قائم کیا جائے گا۔ جس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہو گی۔
قومی حکومت کا قیام جنوری کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا تاہم بعد ازاں حکومت کے قیام کو فروری تک موخر کردیا گیا ہے۔
تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اس ماہ کے آخرتک یقینی بنائی جائے گی۔
تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جو شہریوں کی آزادانہ آمد و رفت، پاسپورٹس کے مسائل اور دیگر معاملات حل کرے گی۔
تنظیم آزادی فلسطین کی ہنگامی باڈی کی تشکیل کے لیے اجلاس بائیس دسمبر کو ہو گا۔
اور سنہ 2009ء میں جنگ سے متاثرہ خاندانوں کی کفالت کے لیے تشکیل پانے والی کمیٹی کو دوبارہ منظم کیا جائے گا جو زخمیوں اور شہداء کے خاندانوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی تجاویز پیش کرے گی۔