اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مغربی کنارے کے ضلع قلقیلیہ میں فلسطینی قانون ساز کونسل کے رکن عماد نوفل کے دفتر میں گھس کر بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی اور آفس میں موجود اہم اشیا پر قبضہ کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیل نے بیس سے زائد فلسطینی اراکین پارلیمان کو حراست میں لے رکھا ہے۔
رکن پارلیمان عماد نوفل نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کی متعدد گاڑیوں نے رات ڈیڑھ بجے کے قریب ایک تجارتی مرکز کے قریب واقع ان کے دفتر کا گھیراؤ کر لیا جس کے بعد صہیونی اہلکاروں نے آفس کا مرکزی دروازہ توڑا اور اندر گھس گئے۔
آفس کی اشیاء کی توڑ پھوڑ کی گئی اور اندر موجود اہم دستاویز اور کمپیوٹرز پر قبضہ کر لیا گیا۔ جن دستاویز کو فوجی اہلکار اپنے ساتھ لے گئے ان میں اکثر اہالیان شہر کی جانب سے داخل کرائی گئی درخواستیں تھیں۔
رکن پارلیمان نے اسرائیلی فوج کے اس حملے کو فلسطینی قانون ساز کونسل پر ایک بڑا حملہ قرار دیا۔ قبل ازیں طولکر میں بھی پارلیمانی بلاک ’’تبدیلی و اصلاح‘‘ کے ایک دفتر پر اسرائیلی فوج نے حملہ کر کے بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی تھی۔