قابض اسرائیلی فوج نےغزہ کے ساحل میں فلسطینی ماہی گیروں پر فائرنگ کر کے ایک فلسطینی کو زخمی کر دیا۔
فلسطینی ایمرجنسی سروسزکے ترجمان ادھم ابوسلیمہ نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ یہودی فوجیوں نے جمعہ کے روز مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے ماہی گیروں کی ایک کشتی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار ایک ماہی گیر زخمی ہو گیا۔ زخمی ماہی گیر کو ٹانگوں میں گولیاں لگی ہیں جس کے بعد اسے غزہ کے مرکزی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہےکہ فلسطینی ماہی گیر صہیونی فوج کی فائرنگ کا مسلسل نشانہ رہتےہیں۔ زراعت کے بعد مقامی شہریوں کا ماہی گیری دوسرا بڑا ذریعہ معاش ہے، تاہم اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے باعث یہ ذریعہ بھی بری طرح متاثر ہو چکا ہے اور ماہی گیرخوف کے مارے سمندر میں اترنے سے گریزاں رہتے ہیں۔