امریکی مندوب برائے مشرق وسطیٰ ڈیوڈ ھل کل پیر کے روز مشروق سطیٰ کے دورے پر تل ابیب پہنچ رہے ہیں جہاں وہ فلسطینی انتظامیہ اور اسرائیل کے درمیان گذشتہ ایک سال سے تعطل کا شکار امن مذاکرات کی بحالی کے لیے فریقین سے مذاکرات کریں گے۔
ڈیوڈ ھل امریکا، روس،یورپی یونین اور اقوام متحدہ پر مشتمل گروپ چار کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ فلسطینی اور اسرائیلی حکام سے مذاکرات کریں گے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان ویکٹوریا نولنڈ نے واشنگٹن میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صدر براک اوباما کا خصوصی ایلچی ڈیوڈ ھل منگل کو اسرائیلی حکام سے مذاکرات کرے گا۔ بعد ازاں مسٹرھل کے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس اور اعلیٰ مذاکرات کار صائب عریقات سے بھی الگ الگ مذاکرات ہوں گے۔
ان مذاکرات میں امریکی مندوب فریقین کوایک سال سے تعطل کا شکار مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے امریکی مندوب سے مذاکرات کے دوران مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر پر بات کی جائے گی۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ مسٹرڈیوڈھل فلسطینی اور اسرائیلی قیادت سے ملاقات کے بعد اسی سلسلے میں مصر اور فرانس کے دورے پر بھی جائیں گے تاکہ فلسطین اور اسرائیل کی قیادت کو ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کوئی لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔